دبئی میں ایک غیر ملکی سیاح مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث پھنس گئی ہیں اور انہیں روزانہ بھاری اخراجات برداشت کرنے پڑ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمیلیا واسکویز نامی خاتون نے بتایا کہ وہ اس وقت دبئی میں قیام پذیر ہیں اور انہیں روزانہ تقریباً 500 ڈالر یعنی تقریباً 46 ہزار بھارتی روپے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں۔
ان کے مطابق اس رقم میں سے تقریباً 300 ڈالر روزانہ صرف ہوٹل کے اخراجات پر خرچ ہو رہے ہیں کیونکہ وہ دبئی کے ایک مہنگے ہوٹل میں قیام کر رہی ہیں۔ ایمیلیا واسکویز نے کہا کہ جب انہوں نے ہوٹل انتظامیہ سے اخراجات کے حوالے سے بات کی تو انہیں جواب دیا گیا کہ اگر وہ اس رقم کی ادائیگی نہیں کر سکتیں تو کسی اور جگہ منتقل ہو جائیں۔
رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے یہ عندیہ دیا گیا تھا کہ موجودہ صورتحال میں پھنسے ہوئے سیاحوں کے اخراجات برداشت کیے جا سکتے ہیں، تاہم اب تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ اخراجات کب اور کس طریقے سے واپس کیے جائیں گے۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بحث شروع ہو گئی ہے اور بہت سے لوگ پھنسے ہوئے سیاحوں کے مسائل پر توجہ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

